کیا واقعی شاہ رخ نے ہنی سنگھ کو تھپڑ مارا؟ بالآخر ریپر نے خاموشی توڑ دی


ممبئی (قدرت روزنامہ)حال ہی میں ریلیز ہونے والی دستاویزی فلم میں ریپر ہنی سنگھ نے اس افواہ پر بات کی کہ شاہ رخ خان نے امریکہ کے ایک دورے کے دوران انہیں تھپڑ مارا، جس کی وجہ سے ان کے سر پر ٹانکے لگے۔ تو کیا یہ افواہ سچ ہے؟
ہنی سنگھ نے بتایا کہ جب انہوں نے شاہ رخ کی فلم چنئی ایکسپریس کے لیے بلاک بسٹر گانا “لنگی ڈانس” بنایا تو اداکار نے انہیں اپنے ساتھ ٹور پر چلنے کے لیے کہا۔ حالانکہ ہنی پہلے ہی کام کی زیادتی کا شکار تھے، لیکن پھر بھی انہوں نے یہ پیشکش قبول کر لی۔ ٹور کے دوران ایک شام، ریپر نے بتایا کہ وہ پرفارم کرنے کی حالت میں نہیں تھے، لیکن ان پر زور دیا جا رہا تھا۔انہوں نے کہا “جب وہ مجھے شکاگو لے گئے شو کے لیے، تو میں نے کہا، ‘میں پرفارم نہیں کرنا چاہتا۔’ میں بالکل یقین سے کہہ رہا تھا کہ اس شو کے دوران میں مر جاؤں گا۔ سب نے کہا کہ میں تیار ہو جاؤں، لیکن میں نے انکار کر دیا۔ میرے منیجرز آئے اور کہا، ‘تم کیوں تیار نہیں ہو رہے؟’ میں نے کہا، ‘میں نہیں جا رہا۔'”
شو سے بچنے کے لیے انہوں نے اپنے بال مونڈ لیے اور کہا کہ اب وہ پرفارم نہیں کرپائیں گے لیکن آگے سے کہا گیا کہ ٹوپی اوڑھ لو۔جب بال مونڈنا بھی کام نہ آیا تو انہوں نے اپنے سر پر کپ توڑ دیا۔ “وہاں کافی کا مگ پڑا تھا۔ میں نے اسے اٹھایا اور اپنے سر پر مار لیا۔”
ہنی نے واضح کیا کہ چوٹ اور ٹانکے شاہ رخ کے تھپڑ کی وجہ سے نہیں بلکہ خود ان کی حرکت کی وجہ سے لگے تھے۔ انہوں نے کہا “کسی نے افواہ شروع کی کہ شاہ رخ خان نے مجھے تھپڑ مارا۔ وہ آدمی مجھ سے محبت کرتا ہے، وہ مجھ پر ہاتھ نہیں اٹھا سکتا۔” دستاویزی فلم میں، ہنی کی بہن نے کہا کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ ہنی کو فوراً بھارت واپس لایا جائے۔یہ دستاویزی فلم، جس کا عنوان Yo Yo Honey Singh: Famous ہے، ریپر کی زندگی کے مختلف مراحل کو دکھاتی ہے اور اب نیٹ فلکس پر دستیاب ہے۔