کراچی: وفاقی وزیر داخلہ کا پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سینٹر ڈیفنس کا دورہ

کراچی ( قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سینٹر ڈیفنس کا دورہ کیا اور وہاں آئے شہریوں سے ملاقات کی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کراچی میں پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سینٹر ڈیفنس کے حالات بدل گئے، گھنٹوں انتظار ختم، منٹوں میں کام ہوگا، پاسپورٹ اور شناختی کارڈز ودیگر دستاویزات بنوانے کے لئے آئے شہری اس عمل سے خوش دکھائی دینے لگے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے پاسپورٹ آفس عوامی مرکز اور نادرا سینٹر ڈیفنس کے اچانک دورے کئے اور پاسپورٹ و شناختی کارڈز بنوانے کے لئے آئے شہریوں سے ملاقات کی، محسن نقوی نے پاسپورٹ اور شناختی کارڈز بنوانے کے عمل کے بارے پوچھا۔شہریوں نے پاسپورٹ و شناختی کارڈز بنوانے کے نظام کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
آفس میں آئے شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے لئے آئے ہیں اور چند منٹ میں کام ہو بھی گیا ہے، پاسپورٹ بنوانے میں کوئی مشکل پیش آئی نہ ہی انتظار کرنا پڑا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کا ازالہ کیا جا رہا ہے، شہریوں کو اب مقررہ مدت کے اندر پاسپورٹ ملیں گے، محسن نقوی نے بعض شہریوں کے شناختی کارڈز کے ایشوز کو موقع پر ہی حل کرنے کیلئے احکامات دیئے۔
محسن نقوی نے پاسپورٹ و نادرا سینٹرزکے عملے سے بھی ملاقات کی اور انہیں شاباش دی، وزیر داخلہ نے نادرا سینٹر ڈیفنس میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹرز کے دورے کر رہا ہوں، کراچی میں شہریوں نے پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز میں نظام کو سراہا جو اطمینان کی بات ہے۔