شیر افضل مروت نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے پر سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی تجویز دیدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیرافضل مروت نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کے بعد اپنی جماعت کو سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی تجویز دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ پی ٹی آئی کے مذاکراتی کمیٹی کے ممبران کی سفارشات سے مشروط ہے۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ مذاکرات آخری موقع ہیں، سول نافرمانی سے عوام کا بھی نقصان ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی تحریک کا فیصلہ پی ٹی آئی کے مذاکراتی کمیٹی کے ممبران کی سفارشات سے مشروط ہے، کسی بھی ایسے عمل سے اجتناب کیا جائے جس سے مذاکرات کا ماحول خراب ہو۔

قبل ازیں، شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، میں اپنی پارٹی کو تجویز دیتا ہوں کہ ہمیں سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنی چاہیے اور حکومتی کمیٹی کو موقع دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے مذاکراتی عمل میں دونوں فریقین مثبت کردار ادا کریں گے، سیاسی استحکام کے لیے مذاکراتی عمل انتہائی ضروری ہے، امید ہے مذاکراتی عمل کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *