اگر آپ بھی خالی پیٹ چائے، کافی پینا پسند کرتے ہیں تو پہلے یہ جان لیں ورنہ ۔۔ نہار منہ چائے یا کافی پینے کے اثرات جانتے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان سمیت دنیا بھر میں کروڑوں افراد چائے یا کافی پینا پسند کرتے ہیں، پاکستان میں تو یوں کہہ سکتے ہیں کہ چائے کے بغیر رہنا ہی محال ہے کیونکہ جب تک چائے نہ ملے کچھ لوگوں کیلئے تو شائد دن ہی نہیں چڑھتا اور اکثر لوگ بستر پر نہار منہ چائے پینا پسند کرتے ہیں لیکن طبی ماہرین نے ایسا کرنے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
چائے اور کافی کو صحت کے لیے مفید مانا جاتا ہے اور طبی ماہرین بھی کچھ فوائد کی تصدیق کرتے ہیں کیونکہ چائے پینے سے موٹاپے، ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق کچھ فوائد کے علاوہ چائے اور کافی نہار منہ یا خالی پیٹ پینے کی عادت صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ کیفین والے تمام مشروبات کا نہار منہ استعمال صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

خالی پیٹ چائے میں موجود مخصوص مرکبات متلی کا احساس دلا سکتے ہیں، خاص طور پراگر آپ نہار منہ یا خالی پیٹ اس گرم مشروب کا استعمال کریں۔
نہار منہ دودھ سے بنی چائے یا کافی کا استعمال کرتے ہیں تو اس سے پیٹ پھولنے کا امکان بڑھتا ہے۔کچھ افراد کو نہار منہ چائے یا کافی پینے سے سینے میں جلن کے مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کیفین سے غذائی نالی کو معدے سے منسلک کرنے والا حصہ پرسکون ہوتا ہے جس سے معدے میں موجود تیزابی سیال اوپر جانے لگتا ہے۔کیفین سے معدے میں تیزابی سیال بننے کا عمل بھی تیز ہو سکتا ہے۔

ویسے تو چائے یا کافی میں پانی موجود ہوتا ہے مگر انہیں پینے سے پیشاب زیادہ آتا ہے۔پیشاب کے راستے پانی جسم سے خارج ہوتا ہے اور جسم ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوتا ہے۔