بانی پی ٹی آئی امریکہ کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، خواجہ آصف
لندن(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی امریکہ کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔لندن میں نیوز کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا معاملہ عدلیہ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ ملک کے دفاع کو کوئی بھی چیلنج نہیں کرسکے گا۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ عدلیہ کےلیے باعث شرم ہے، 2018 میں پی ٹی آئی کو آر ٹی ایس بٹھا کر اقتدار میں لایا گیا۔ اُس وقت جنرل باجوہ مائنس نواز شریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکہ ایبسلوٹلی ناٹ ہوگیا، اب وہ امریکہ کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ پی ٹی آئی کی محبت میں پاگل ہوگئے ہیں انہیں ان کا ماضی دیکھنا چاہیے۔ بانی پی ٹی آئی خود فوج کی سب سے بڑی پروڈکٹ ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں نہیں پراپرٹی ٹائیکون کے اکاؤنٹ میں گئے۔ بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ پراپرٹی ٹائیکون کے واجبات میں ایڈجسٹ کروائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شوکت خانم ایک اچھا کاز ہے۔ اس کاز سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ یوٹرن لینے والا کبھی اچھا لیڈر نہیں ہوسکتا۔خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن عروج پر پہنچی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے حملوں میں ملوث افراد تربیت یافتہ تھے، اس معاملے میں فوری فیصلوں کی ضرورت تھی کیونکہ حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے، یہ منصوبہ ایسے شخص نے پلان کیا جو خود اسٹیبلشمنٹ کی پراڈکٹ تھا۔وزیر دفاع نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ آج تک کسی نے نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی کی حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے ختم کیا گیا جبکہ نواز شریف کی حکومت سازش کے ذریعے ختم کی گئی۔