کپل شرما کے ساتھ کام کرنا زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، نسیم وکی
ممبئی(قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف تھیٹر اداکار اور کامیڈین نسیم وکی نے کہا ہے کہ بھارتی شو “کامیڈی نائٹس ود کپل” میں کام کرنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
یہ بات انہوں نے حال ہی میں ساتھی مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں کہی، جہاں انہوں نے بھارتی انڈسٹری کے تجربات اور پاکستانی فنکاروں کے رویے پر کھل کر بات کی۔
نسیم وکی نے کہا کہ سرحد پار کام کرنے کے بعد انہیں محبت یا پذیرائی کے بجائے زیادہ تر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستانی انڈسٹری کے کچھ فنکاروں نے ان کے اس فیصلے کو سراہے بغیر الٹا تنقید کا نشانہ بنایا۔
نسیم وکی کا کہنا تھا، “مجھے بہت شرمندگی ہے کہ میں نے کامیڈی نائٹس ود کپل میں کام کیا۔ اس شو میں شرکت سے مجھے کوئی خاص فائدہ نہیں ہوا، نہ پاکستان میں اور نہ ہی بین الاقوامی سطح پر۔ الٹا مجھے یہ سننا پڑا کہ میں نے وہاں جا کر کیا ہی کیا ہے؟”
نسیم وکی نے پاکستانی کامیڈی انڈسٹری کی خامیوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تھیٹر اور کامیڈی میں اسکرپٹ کے بغیر کام کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے کوئی نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا “گزشتہ 10 برس میں کامیڈی کے میدان میں کوئی نیا ستارہ ابھر کر نہیں آیا کیونکہ ریہرسل اور تیاری کو اہمیت نہیں دی جاتی،”۔