تیسرا ون ڈے: صائم ایوب کی جنوبی افریقہ کیخلاف سینچری

جوہانسبرگ(قدرت روزنامہ)جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے سیریز کی دوسری سینچری اسکور کردی، قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 34 اوورز میں 199 رنز بنا لیے۔

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں پروٹیز کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا،بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا، عبداللہ شفیق مسلسل تیسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

نوجوان بیٹر صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کو جاری رکھا اور مجموعی طور پر اپنے ون ڈے کریئر کی تیسری اور سیریز کی دوسری سینچری اسکور کی۔

قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، گرین شرٹس کی جانب سے سفیان مقیم ڈیبیو کریں گے جبکہ مڈل آرڈر بلے باز طیب طاہر اور فاسٹ باؤلر محمد حسنین بھی ٹیم میں شامل ہیں، حارث رؤف، عرفان خان اور ابرار احمد آج کے میچ میں آرام کررہے ہیں۔

پنک ڈے ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پاکستان کیخلاف وائٹ واش کا چیلنج درپیش ہے، پروٹیز کرکٹ ٹیم بریسٹ کینسر کے خلاف اگاہی مہم پھیلانے کے لیے پنک ڈے میچ کا انعقاد کرتی ہے جس میں مہمان ٹیم نے گلابی رنگ کی وردی زیب تن کی ہوتی ہے۔

پلیئنگ الیون پاکستان
محمد رضوان (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، سفیان مقیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد حسنین

پلیئنگ الیون جنوبی افریقہ
ٹیمبا باووما (کپتان)، ایدن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوڈ ملر، راسی وینڈر ڈوسن، ہنرک کلاسن، مارکو جانسن، بیورن فورچون،کیوین مافاکا، کوربن بوسک، کگیسو رباڈا

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقہ کے دورے میں 3 ٹی20، 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین پہلا ون ڈے 17 دسمبر کو کھیلا گیا جب کہ ٹیسٹ میچز بالترتیب 26 دسمبر اور 3 جنوری کو سنچورین اور کیپ ٹاؤن میں شروع ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *