خدیجہ شاہ کا مقدمات کی تفصیلات کے حصول کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

9 مئی مقدمات میں ایک سال جیل میں رہی پھر ضمانت منظور ہوئی، ذرائع سے معلوم ہوا مزید خفیہ مقدمات میں نامزد کیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں خدیشہ شاہ نے مؤقف اپنایا کہ 9 مئی مقدمات میں شامل کیا گیا، ایک سال جیل میں رہی پھر ضمانت منظور ہوئی، مستند ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مزید خفیہ مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
اس میں استدعا کی گئی کہ عدالت گرفتاری سے روک کر متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فریقین کو درخواست گزار اور اُسکی فیملی کو ہراساں کرنے سے روکا جائے، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔