اہم پی ٹی آئی رہنماوں کی مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے پارٹی رہنماوں کی حکومت کیساتھ مذاکرات میں شریک نہ ہونے کی وجہ بتادی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان آج مذاکرات ہوئے جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کابینہ اجلاس کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب پشاور کی عدالتوں میں پیشی کی وجہ سے نہ آسکے جبکہ حامد خان بنگلہ دیش کے دورے کی وجہ سے اور سلمان اکرم راجہ لاہور میں عدالتی مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں ہوسکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ممبران مصروفیات کی وجہ سے مذکرات میں شریک نہ ہو پائے۔ پی ٹی آئی کے کسی ممبر نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا تھا۔
خیال رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ حکومتی و اپوزیشن کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔