ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، ملکی ترقی کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی: بلاول


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، ملکی ترقی اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور پائیدار ترقی کیلئےنوجوانوں کی انٹرنیٹ تک بلاروک ٹوک رسائی کو یقینی بنانے کےحوالے سے نئی قانون سازی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور نوجوانوں کی آرا کو مقدم رکھنے پر زور دیا ہے۔
بلاول بھٹو نے سندھ یونیورسٹی جامشورو میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبا کو مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ کامیاب طلبا زندگی کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں،والدین کی طرف سے بچوں کو تعلیم دینا بڑا تحفہ ہے، علم ایسا ہتھیار ہے جو چھینا نہیں جاسکتا، جائیداد،پیسہ اور دیگر وسائل تعلیم کے آگے کچھ نہیں۔
بلاول نے کانووکیشن میں موجود طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ اس ملک کے مستقبل ہو اوراس ملک کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، ہم سب کو مل کر ملک کی ترقی اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ دور میں انٹرنیٹ کی افادیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آج اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے فائبرآپٹیکل کیبل اور وائبل انٹرنیٹ اسٹرکچر ضروری ہے، آج کی دنیا میں انٹرنیٹ تک سستی اور ناقابل رکاوٹ رسائی سب کا بنیادی حق قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زیرِ قیادت عوامی حقوق کیلئے کی گئی تاریخی جدوجہد میں بھی طلبہ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ڈیجیٹل بل آف رائٹس لانے کیلئے ان کا ساتھ دیں، ہمیں ڈیجیٹل حقوق کے لیے قانون سازی کے حوالے سے جدوجہد کرنا ہوگی، میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں جاکر طلبا سے ان کی حمایت مانگوں گا ،آپ سب لوگ انسٹا گرام، فیس بک اور ایکس پر مجھے تجاویز دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یونیورسٹی کے طلبا کے سامنے ماحولیاتی تبدیلی کے ایشو پر بھی تفصیلی بات کی اور اس معاملے کو پوری دنیا کیلئے سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پہاڑوں پر موجود برف پگھل جائے گی تو ہماری نئی نسلوں کے لیے خطرہ یہ ہوگا کہ انہیں غیرمعمولی سیلابوں کا سامنا کرنا پڑے گا، یہاں موجود طلبہ اور ان کے ساتھی اس حوالے سے جنگی بنیاد پر تیاری کریں، گلگت بلتستان سے لیکر دریائے سندھ کے آخری سرے تک ہمیں کام کرنا ہوگا۔
بلاول نے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے لحاظ سے پاکستان کو پورا انفرا اسٹرکچر تیار کرنا ہوگا، 6 سے 7 نئی کینالز بنانے کا فیصلہ کیا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *