ملک بھر میں سردی کی شدید لہر، پہاڑی علاقوں میں ٹھنڈ کا راج، میدانی علاقوں میں دھند
گلگت میں سردی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری، پہاڑی علاقوں میں شدید ٹھنڈ کا راج ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، گلگت میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، میدانی علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند اور اسموگ کا امکان، ایبٹ آباد، مانسہرہ ،صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ میں کُہرا پڑنے کی توقع ہے جبکہ سکھر، بینظیر آباد، شکارپور، کشمور اور خیرپور میں دھند و اسموگ چھائے رہنے کا امکان۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جھنگ، اوکاڑہ، ملتان میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈی جی خان میں دھند/اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔
میٹ آفس کے مطابق گلگت میں سردی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، رواں سال اوسطاً درجہ حرارت کم سے کم منفی 8 ڈگری تک گرگیا، دس برس قبل یہ منفی 3 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو کا اوسطاً درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 11 ڈگری تک گرگیا، جو دس برس میں 8 ڈگری تک گرگیا، سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔