بانی کی رہائی ملکی عدالتوں کے ذریعے ہوگی، پی ٹی آئی کسی بھی ملک کی مدد کی خواہشمند نہیں: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ )تحریک انصاف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل کے بیانات کا خیر مقدم کیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی آزادی پاکستان کے آئین وقانون کے مطابق ہو گی، ان کی رہائی پاکستانی عوام کی شراکت سے اور عدالتوں کے ذریعے ہوگی، تحریک انصاف کسی بھی ملک بشمول امریکا کی مدد کی خواہش مند نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کسی ملک سے نہ درخواست کرے گی نہ توقع رکھتی ہے، ہم ان تمام افراد کا شکریہ اداکرتے ہیں جو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کوشاں ہیں، ان بیانات سے ہٹ کر بھی جو بھی بانی کی رہائی کی کوشش کر رہا ہے اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن جہاں تک بانی کی رہائی کا تعلق ہے یہ پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔
رچرڈ گرینل کے بیان کا زرتاج گل سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنماوں نے بھی خیر مقدم کیا اور عالیہ حمزہ نے جواب میں کہا کہ پاکستانی انتظار کر رہے ہیں آپ قیدی نمبر 804 کا نعرہ لگائیں۔
خیال رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے اپنے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔