کرن جوہر اور کارتک آریان کے درمیان صلح، ایک ساتھ فلم کرنے کا اعلان
ممبئی(قدرت روزنامہ)مشہور بھارتی فلمساز، پروڈیوسر اور ٹی وی میزبان کرن جوہر اور بالی ووڈ کے سپر اسٹار کارتک آریان کے درمیان اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن نے تصدیق کی ہے کہ وہ کارتک کے ساتھ ایک نئی رومانوی کامیڈی فلم پر کام کریں گے جو فلم بینوں کو بےحد پسند آئے گی۔
واضح رہے کہ 2021 میں اطلاعات تھیں کہ 34 سالہ کارتک آریان اور 52 سالہ کرن جوہر کے درمیان تنازع کی وجہ سے کارتک نے فلم ’دوستانہ 2‘ چھوڑ دی تھی۔
اس واقعے کے بعد تین سال تک دونوں کے تعلقات کشیدہ رہے، لیکن اب یہ معاملات حل ہو چکے ہیں۔ کرن اور کارتک ایک نئی رومانوی کامیڈی فلم ’تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ میں کام کرنے پر متفق ہو گئے ہیں جو جلد سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
کارتک آریان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فلم کی پرومو ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس کو مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جارہا ہے۔