ہانیہ عامر کو امریکا میں مداحوں سے ملاقات کیے بغیر ایونٹ سے کیوں جانا پڑا؟
کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے امریکا میں مداحوں سے ملاقات کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وضاحت پیش کر دی۔
اداکارہ ہانیہ عامر ان دنوں ساتھی اداکار فہد مصطفیٰ کیساتھ امریکا کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے مداحوں کے ساتھ ملاقات کے دوران اچانک ختم ہونے والے ایونٹ پر وضاحت دے دی۔
انسٹاگرام اسٹوری پر ہانیہ نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی محبت اور حمایت کو سراہا، اور اس واقعے کی تفصیلات بیان کیں جس کی وجہ سے تقریب غیر متوقع طور پر ختم ہوئی اور مداحوں میں غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
ہانیہ نے انکشاف کیا کہ اس ایونٹ کے ایک منتظم نے ان کی خاتون مینیجر کے ساتھ بدتمیزی کی، جس کے بعد صورتحال خراب ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کہ انکی خاتون مینیجر بیک اسٹیج چلی گئی جس کے پیچھے وہ اور فہد بھی گئے تاکہ اسے دیکھ سکیں کہ وہ ٹھیک ہے اور کیا ہوا ہے؟
View this post on Instagram
ہانیہ نے بتایا کہ اس کے بعد ہم نے بیک اسٹیج ہی مداحوں کے ساتھ تصاویر بنانے کا فیصلہ کیا کہ اسی دوران انتظامیہ کا وہی شخص جس نے ان کی مینیجر سے بدتمیزی کی بھاگتا ہوا آیا اور نام لے کر پکارتے ہوئے ہمیں ایونٹ سے باہر نکلنے کو کہا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ منتظم نے نامناسب رویہ اپنایا، نام لے کر پکارا، اور حفاظتی پروٹوکول منسوخ کر دیے، یہاں تک کہ ہمیں ہراساں کیا گیا اور لوگوں کو اسے روکنا پڑا جس کے بعد انہیں خود واپسی کا انتظام کر کے اپنی حفاظت کرتے ہوئے ہوٹل پہنچنا پڑا۔
ہانیہ نے کہا کہ عہدے کا اختیار کسی کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ کسی اور کی عزت پامال کرے، خاص طور پر خواتین کو مردوں کے غالب شعبوں میں کام کرنے پر نشانہ بنایا جائے۔
View this post on Instagram
اداکارہ نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ بغیر حقائق جانے کسی بھی خاتون فنکار پر انگلی نہ اٹھائی جائے۔ مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے ہانیہ نے کہا کہ وہ ان سے پیار کرتی ہیں اور انہیں افسوس ہے کہ تقریب ایسے ختم ہوئی۔
دیگر فنکاروں جیسے مایا علی، یشما گل، نبیل قریشی، حرا خان، اور اوکھانو نے ہانیہ کی حمایت میں ان کی اسٹوری شیئر کی اور حوصلہ افزا پیغامات بھی شیئر کیے۔