ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ امریکا میں منعقدہ تقریب ادھوری چھوڑ کر کیوں چلے گئے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں شرجینا اور مصطفیٰ کے کردار میں نظر آنے کے بعد مداحوں کے دلوں پر راج کررہے ہیں۔ آن اسکرین ہٹ جوڑی ان دنوں امریکا میں ہے جہاں وہ مختلف تقریبات میں اپنے مداحوں سے ملاقات کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ امریکا میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنے مداحوں کو الوداع کہے بغیر ہی تقریب ادھوری چھوڑ کرچلے گئے، جس پر ان کے مداحوں کو مایوسی ہوئی اور کہانیاں سامنے آنے لگیں کہ ہانیہ عامر کی شو کے منتظمین سے لڑائی ہوئی جس کے نتیجے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر تقریب ادھوری چھوڑ کرچلے گئے۔
ادکارہ ہانیہ عامر اچانک شو چھوڑ کر وہاں سے باہر نکل کر رہائی ہوٹل میں چلی گئیں، جس پر اداکار فہد مصطفیٰ کافی پریشان نظر آئے اور حاظرین کو کچھ دیر تک خاموش کرانے کی کوشش کرتے رہے تاہم وہ بھی شو چھوڑ کرچلے گئے۔
اس حوالے سے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ شو شروع ہونے سے قبل بیک اسٹیج پر ہانیہ عامر کی امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کے مقامی پروموٹر ناصر صدیقی سے شدید تلخ کلامی بھی ہوئی۔
دوسری طرف ہانیہ عامر نے بھی وضاحت کی ہے کہ آرگنائزر نے ان کے منیجر کے ساتھ بدتمیزی کی اور وہ کبھی بھی بے عزتی برداشت نہیں کریں گی، اس لیے وہ تقریب ادھوری چھوڑ کر وہاں سے چلی گئی تھیں۔
ہانیہ عامر اور فہد مصطفیٰ کے اسٹیج چھوڑ کر جانے کے بعد شو کے منتظمین کو صحافیوں کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے میڈیا نمائندوں پر بھی اپنا غصہ نکالا۔
یاد رہے کہ اس شو میں شرکا شام 7 بجے سے انتظار کررہے تھے جبکہ ہانیہ عامر اور فہد مصطفی اڑھائی گھنٹے کی تاخیر سے شو میں پہنچے تھے، اس کے باوجود وہ تقریب ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔