فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے ہائی پروفائل پی ٹی آئی رہنما کون کون سے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی فوجی عدالتوں نے جمعرات کو مزید 60 پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزائیں سنا دی ہیں۔ فوجی عدالتوں نے ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے 9 مئی واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور ورکرز کو 2 سے 10 سال تک قید کی سزائیں سنائیں۔
ان 60 افراد میں سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی بھی شامل ہیں جنہیں لاہور جناح ہاؤس پر حملہ کرنے پر 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
ان 60 افراد میں برگیڈیئر جاوید اکرم بھی شامل ہیں۔ برگیڈیئیر ریٹائیرڈ جاوید اکرم فوج کی تحویل میں رہنے والے سب سے زیادہ عمر کے قیدی ہیں۔ 76 سالہ برگیڈئیر جاوید اکرم پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ہیں اور پنجاب اسمبلی کے امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں جناح ہاؤس لاہور حملہ کیس میں 6 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
پنجاب کے سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کے داماد میاں محمد اکرم عثمان کو بھی فوجی عدالت نے 2 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ انہیں بھی جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کرنے والے مقدمے کا سامنا تھا۔
جناح ہاؤس لاہور پر حملہ کرنے پر حیدر مجید کو بھی 2 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ حیدر مجید حسان نیازی کے دوست اور پنجاب اسمبلی سے لاہور کے حلقے سے امیدوار تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *