بھارتی آر جے سمرن سنگھ گھر میں مردہ پائی گئیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارت کی مشہور فری لانس ریڈیو جوکی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سمرن سنگھ نے گروگرام (گڑگاؤں) میں واقع اپنے گھر میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آر جے سمرن کے نام سے مشہور 25 سالہ سمرن سنگھ کی انسٹاگرام پروفائل کے مطابق انہوں نے آخری بار 13 دسمبر کو ایک ریل پوسٹ کی تھی۔ سمرن کی شہرت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے انسٹاگرام پر 7 لاکھ فالوورز تھے۔
سمرن سنگھ گروگرام کے سیکٹر-47 میں واقع سوسائٹی میں کرائے کے مکان میں رہ رہی تھیں۔ انہیں پہلے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے بتایا کہ ان کے ساتھ رہنے والے ایک دوست نے حکام کو اطلاع دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کے بعد اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
سمرن سنگھ کی لاش بدھ کی رات ان کے کمرے میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ پر مبینہ خودکشی سے قبل لکھا گیا کوئی نوٹ برآمد نہیں ہوا۔
مقبوضہ کشمیر تعلق رکھنے والی سمرن کو ان کے مداح ’جموں کی دھڑکن‘ کہتے تھے۔ سمرن سنگھ جموں کے نانک نگر کی رہنے والی تھیں۔ وہ ریڈیو مرچی میں آر جے کے طور پر کام کر چکی تھیں۔
انہوں نے سنہ 2021 تک وہاں کام کیا پھر وہاں سے نوکری چھوڑ دی جس کے بعد سے وہ فری لانسنگ کر رہی تھیں۔ ساتھ ہی وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تفریحی ویڈیوز بھی اپلوڈ کیا کرتی تھیں۔