پاکستان کے مختلف شہروں کے موسم کی صورتحال جانئے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدیدسرد رہنے کا امکان ہے،ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیاہے،کشمیر، گلگت، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے،لاہور شہر کا مطلع ابر آلود، افق سے سورج کی کرنیں غائب ہونے سے سردی بڑھ گئی۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ زیادہ سے زیادہ 17 اور کم سے کم 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان، دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی بھی برقرار، 233 اے کیو آئی کے ساتھ لاہور دوسرے نمبر پرہے، مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا رات کو ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے تاہم سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔