سول نافرمانی 9، 10 مئی سے بڑا جرم ہے, کوئی ڈکٹیشن دے گا تو ہم سب ایک نظر آئیں گے: جاوید لطیف
لاہور ( قدرت روزنامہ ) مسلم لیگ (ن )کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ سول نافرمانی 9، 10 مئی سے بڑا جرم ہے, کیوں نہیں کہتے کہ بانی پی ٹی آئی کو چھڑوانے کے لیے دباؤ ہے؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کی وجہ بتانی چاہیے، انہیں ہاؤسنگ سوسائٹی کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا گیا۔فیض حمید نے ادارے کے اندر بغاوت کی کوشش کی جو ناکام ہوئی، بغاوت کی ایسی سازش کسی اور ملک میں ہوتی تو اسے گولی سے اڑا دیا جاتا۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ دباؤ میں کچھ کیا گیا تو قوم کھڑی ہو کر دکھائے گی، بغاوت کرنے والے کو چھوڑنے اور سائیکل چور کو لٹکانے سے ریاستیں نہیں چلتیں، کارکنوں کو سزا اور ماسٹر مائنڈ کا کیس لٹکا دینے سے بات نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی ڈکٹیشن دے گا تو ہم سب ایک نظر آئیں گے، ہم ایٹمی طاقت ہیں، عالمی قوتوں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ڈالروں کے بدلے ہمیں کوئی بے غیرتی نہیں سکھا سکتا، سول نافرمانی 9، 10 مئی سے بڑا جرم ہے، آج وہ عالمی قوت کا منظور نظر کیوں ہے؟ عالمی قوتیں اس سے کیا کام لینا چاہتی ہیں۔ آزادی اور غیرت سے بڑھ کر ہمیں کوئی چیز عزیز نہیں، ہم سیاسی محاذ پر تقسیم ہو جائیں گے، قومی غیرت پر تقسیم نہیں ہوں گے۔
“جنگ ” کے مطابق (ن) لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں جب مارشل لاء لگتا ہے تو کسی کو جمہوریت یاد نہیں آتی، آج کے دن ایک قومی لیڈر شہید ہوئیں اس وقت کسی کو انسانی حقوق یاد نہیں آئے۔ آج لبنان، فلسطین، لیبیا اور شام کے بعد ایران پر نظریں لگی ہوئی ہیں، ہمیں خیرات میں زندگی نہیں چاہیے، ہمیں غیرت کی موت عزیز ہے۔