وہ دن دور نہیں جب بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا:بلاول بھٹو
نوڈیرو (قدرت روزنامہ )چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب شہید بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شہید بینظیر بھٹو کی 17ویں یوم شہادت کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بی بی شہید کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ان کی زندگی جراَت، استقامت اورپاکستانیوں کے لئے امید کی علامت تھی، بینظیر بھٹو صرف سیاسی شخصیت نہیں بلکہ مظلوم، محکوم اورپسماندہ طبقات کے لئے امید کی کرن تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی طرح شہید بینظیر بھٹو بھی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں، انکی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظرکو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی، شہید بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو کے انسانی آزادی اورجمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں، ہم دہشتگردی، انتہا پسندی اور ملکی استحکام کوخطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کےخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم کی عالمی اشوز پر مہارت مشعلِ راہ ہے، فلسطین اور کشمیر سمیت تصفیہ طلب عالمی معاملات پربی بی شہید کے وژن سے رہنمائی لیتے رہیں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے قوم متحد ہو جائے، بی بی شہید کی زندگی استقامت اور اپنی ذات بھلا کرعظیم مقصد کے لئے خودکو وقف کرنےکا سبق دیتی ہے، بی بی شہید کا خواب ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنان اورقوم سے بی بی شہید کے جمہوریت، رواداری، سماجی انصاف کے اصولوں سے و ابستگی کی تجدید کی اپیل ہے، بینظیر بھٹو کی زندگی اورقربانی منصفانہ اورمساوی معاشرے کے لئے ان کی جدوجہد کا لازوال ثبوت ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو حقیقت بنائیں، وہ دن دور نہیں جب بی بی شہید کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔