بلوچستان میں بینظیر کسان کارڈ کا اجرا کردیا گیا


بلوچستان (قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے صوبے میں بینظیر کسان کارڈ کا اجرا کردیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز نے بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق بلوچستان میں عام آدمی کی بہتری اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری ہیں، صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کسانوں، ہاریوں کی بہبود کے لیے بینظیر بھٹو کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے جس سے غریب کسانوں کی براہ راست معاونت ہوگی اور ان کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی اور وہ غربت سے نکل سکیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسان کارڈ کے فوائد غریب کسان تک پہنچانے کے لیے اس کی ڈیجیٹلائزیشن کی جاررہی ہے تاکہ درمیانی کوئی بھی کردار کسانوں کا حق نا مارسکے، بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرتے ہوئے بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بناکر انہیں ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں، بلوچستان کے 5 اضلاع میں خواتین ڈپٹی کمشنرز تعینات ہیں جو اطمینان بخش کارکردگی کی حامل ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کالجز اور سیکنڈری اسکولوں کی طالبات کو پنک اسکوٹیز دی جاررہی ہیں، جن پر وہ آمدورفت کررہی ہیں، یہ ایک غیر معمولی پیشرفت ہے، فلاحی منصوبوں کے تسلسل میں صوبے کی تاریخ پہلی مرتبہ یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو ہنرمند بناکر بیرون ملک روزگار کے لیے بھیج رہے ہیں یہ نوجوان نا صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کریں گے بلکہ ملک میں زر مبادلہ بھیجنے کا باعث بھی بنیں گے جس سے معیشت بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں اخوت کے تعاون سے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرضے فراہم کرنے کا پروگرام بھی تشکیل دیا گیا ہے، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور بلوچستان سے متعلق عوامی اقدامات کا مستقل جائزہ لیتے رہتے ہیں، جو ان کی بلوچستان کے عوام سے لگاؤ اور محبت کا برملا اظہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022 کے سیلاب میں بلوچستان بری طرح متاثر ہوا، خصوصاً نصیر آباد ڈویژن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد بے گھر ہوئی، 2 سال گزرنے کے باوجود بحالی کا کام وفاقی اسٹیرنگ کمیٹی کے باعث سست روی کا شکار رہا، ہمبھی حکومت سندھ کی طرز پر متاثرین کو مکان تعمیر کرکے ان کی بحالی چاہتے ہیں۔
’ اب راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے توقع ہے کہ یہ کمیٹی وفاق سے فنڈز کے جلد حصول کے لیے اقدامات کرے گی ہم پرعزم ہیں کہ آئندہ چھ ماہ میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کرکے انہیں ان کے گھروں میں آباد کریں گے۔‘
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پارٹی کارکن ہر کڑے وقت میں سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے ہیں اور پچھلی کئی دہائیوں سے تکلیف میں رہے ہیں لیکن اب چیف منسٹر ہاؤس بلوچستان کے دروازے ہر کارکن کے لیے کھلے ہوئے ہیں، پارٹی کے کارکنوں کو باعزت روزگار مہیا کریں گے اور ہر ضلع میں پارٹی کے کارکنوں کو نوکریاں دیں گے اگر کارکنوں کو نوکریاں دینا گناہ ہے تو یہ گناہ کر گزریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو ، صدر آصف علی زرداری اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں کو روزگار دیا انہی کے اقدامات کو آگے بڑھاتے ہوئے کارکنوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے کام کریں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گزشتہ روز بلوچستان سے بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کے لیے خضدار سے آتے ہوئے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے 2 کارکنان کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے صبر جمیل کے لیے دعا گو کی اور کہا کہ ان شہید کارکنوں کے لواحقین کی کفالت حکومت بلوچستان کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *