2024: کئی مشہور گاڑیاں الوداع کہہ گئیں، آٹو انڈسٹری کے نئے دور کی شروعات

کینڈا(قدرت روزنامہ)دنیا بھر کی آٹوموبائل انڈسٹری تیزی سے الیکٹریفیکیشن کی طرف بڑھ رہی ہے، اور اس سفر میں 2024 کئی مشہور انجن ماڈلز کے لیے آخری سال ثابت ہوا۔مختلف گاڑیاں جو کئی دہائیوں سے صارفین کی پسندیدہ رہی ہیں، انہیں اب بند کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول دوست اور الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر توجہ دی جا سکے۔

چھ نسلوں کے بعد جنرل موٹرز (GM) نے اپنے مشہور ماڈل کیمارو کی پروڈکشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آخری پروڈکشن کو کلیکٹرز ایڈیشن کے طور پر پیش کیا جائے گا، تاکہ اس گاڑی کی وراثت کو زندہ رکھا جا سکے۔خبریں ہیں کہ کیمارو الیکٹرک ماڈل کے طور پر واپس آ سکتا ہے۔

فورڈ نے اپنے مشہور مڈ سائز SUV ایج کی پروڈکشن 2024 میں ختم کر دی ہے۔ کینیڈا کے اوک وِل اسمبلی پلانٹ میں اب F-سیریز سپر ڈیوٹی ٹرک تیار کیے جائیں گے، جو فورڈ کی کمرشل گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا۔

2024 کے بعد ٹویوٹا اپنی ہائبرڈ کراس اوور SUV وینزا کو بند کر رہا ہے۔ اس کی جگہ نیا ماڈل ٹويوٹا کراؤن سِگنیا لے گا، جو دو صفوں پر مشتمل ہائبرڈ کراس اوور ہوگا۔

کئی سالوں کی قیاس آرائیوں کے بعد، میلِبو کی پروڈکشن نومبر 2024 میں ختم ہو جائے گی۔ جنرل موٹرز کا کینساس اسمبلی پلانٹ اب نئی الیکٹرک گاڑیوں، خصوصاً شیورلیٹ بولٹ کے متبادل کی تیاری پر کام کرے گا۔

جیپ اپنی دو مشہور ماڈلز، چیروکی اور رینیگیڈ، کو بند کر رہا ہے۔اس کے بعد کمپاس جیپ کی سب سے سستی SUV کے طور پر مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔

مشہور گاڈزیلا نسان GT-R بھی 2024 میں رخصت ہو رہا ہے۔ اس گاڑی کی آخری کھیپ دو اسپیشل ایڈیشنز، تاکومی اور اسکائی لائن، کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔نسان نے اس گاڑی کے الیکٹرک ماڈل کے اشارے دیے ہیں۔

پورشے اپنی گیس پر چلنے والی باکسر کنورٹبل اور کیمین کوپے کی پروڈکشن 2025 تک ختم کر رہا ہے۔یہ دونوں ماڈلز جلد الیکٹرک گاڑیوں کے طور پر مارکیٹ میں واپس آئیں گے۔

جیگوار نے اعلان کیا ہے کہ 2025 تک وہ مکمل طور پر الیکٹرک لگژری برانڈ میں تبدیل ہو جائے گا۔ اس تبدیلی کے تحت XE، XF، F-Type، I-Pace، اور E-Pace جیسے ماڈلز کو بند کیا جا رہا ہے۔کمپنی اپنی نئی الیکٹرک سیڈان، جیگوار XJ EV، پر کام کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *