سال 2024: کوئٹہ میں دہشت گردی کے 65 واقعات، 47 افراد جاں بحق
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سال 2024ء کے دوران کوئٹہ میں دہشت گردی کے 65 واقعات میں 47 افراد جاں بحق ہوئے، ریلوے اسٹیشن پر ایک خود کش حملہ بھی کیا گیا۔
کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی اعتزاز گورایا نے بتایا کہ شہر میں 54 دستی بم حملے کئے، 8 پولیس اہلکار شہید جبکہ 12 زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے 40 واقعات کی ذمہ داری مقامی دہشت گرد گروپوں نے قبول کی، اس سال 5988 مقدمات درج ہوئے، سال 2024ء میں 7 ہزار کے قریب لوگ گرفتار ہوئے۔
اعتزاز گورایا کا کہنا ہے کہ سال 2024ء میں 782 نارکوٹکس کیسز رجسٹرڈ کئے ہیں، سیریس کرائمز ونگ نے 17 بلائنڈ مرڈر کیس ٹریس کئے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ مصور خان کو جن لوگوں نے اغواء کیا ہمارے علم میں ہے، مصور خان کی بازیابی تک یہ نہیں کہہ سکتے کہ کیس حل ہوگیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کرائم ہر معاشرے میں ہوتا ہے، پولیس کا کام سروس ڈلیوری بھی ہے، 698 پولیس کانسٹیبل بھرتی ہوئے، کوئٹہ میں 4 پولیس ڈویژن اور 9 سرکلز ہیں، 152 پولیس اہلکار سرکاری اسکارڈ پر مامور ہیں، 150 پولیس اہلکار مخلتف کورٹ پر ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں، ٹریفک پولیس میں 140 نئی پوسٹس متعارف کروائی گئیں۔
اعتزاز گورایا نے مزید کہا کہ سال 2024ء میں آن لائن کمپلینٹ سینٹر قائم کیا گیا، پبلک ویری فکیشن کیلئے ڈی آئی جی کے دفتر میں ون ونڈو آپریشن متعارف کروایا گیا، شکایتی سیل کو ڈپٹی کمشنر آفس تک لیکر جائیں گے۔