گولڈن گلوب ایوارڈ یافتہ اداکارہ اولیویا ہسی چل بسیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف ہالی ووڈ فلم رومیو اینڈ جیولیٹ میں جولیٹ کا مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ اولیویا ہسی 73 سال کی عمر میں امریکی ریاست کیلی فورنیا میں چل بسیں۔
اُن کے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر جاری شدہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ وفات سے پہلے ان کے چاہنے والے اُن کے ارد گرد موجود تھے۔
ہسی نے 15سال کی عمر میں ڈائریکٹر فرینکو زیفریلی کی فلم رومیو اینڈ جیولیٹ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، ڈائریکٹر فرینکو زیفریلی نے پہلی دفعہ ان کو شیکسپیئر کے ایک تھیٹر پلے میں ایک کردار کرتے دیکھا تھا۔
فلم رومیو جیولیٹ کا شمار ہالی ووڈ کی مشہور فلموں میں ہوتا ہے، اس فلم نے 2 آسکر ایوارڈ جیتے تھے، اسی فلم میں جاندار اداکاری پر انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، اس فلم میں رومیو کا کردار برطانوی اداکار لیونارڈ واٹنینگ نے نبھایا تھا۔