الیکشن کمیشن کا کل اہم اجلاس ، ڈسکہ میں مبینہ دھاندلی کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل ہو گا جس میں لاہور کے ضمنی انتخاب میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لیا جائے گا۔نیو نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس کل ہو رہا ہے جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران ،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور اعلی حکام شریک ہوں گے ۔
اجلاس میں لاہور کے ضمنی انتخاب میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لیا جائے گا ۔ الیکشن کمیشن خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لے گا۔
اجلاس میں ووٹر فہرستوں میں بے ضابطگیوں اور انکو ٹھیک کرنے کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔ ڈسکہ ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی سے متعلق رپورٹ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے ۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کے آئندہ کے معاملات اور دیگر متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔