ملک میں کڑا کے کی سردی کے دوران برفباری کا قہر، کراچی میں رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ریکارڈ
کراچی(قدرت روزنامہ)ملک میں کڑا کے کی سردی برقرار اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ یہاں تک کہ سردی نے کراچی والوں کے بھی دانت بجا دیئے ہیں۔ اسکردو شہر میں دو انچ اور بالائی علاقوں میں ڈھائی فٹ تک برفباری ہوئی ہے، غذر میں منفی پندرہ ڈگری کی سردی سے آبشار اور جھیلیں منجمد ہوگئیں، مری میں پھر برفباری سے سیاحوں کا رش لگ گیا۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق لیپہ میں منفی آٹھ، قلات منفی سات، کوئٹہ، زیارت اور ہنزہ میں منفی چھ، کالام اور بگروٹ میں درجہ حرارت منفی پانچ پر آگیا۔
کراچی میں بھی جاڑے نے دھوم مچا دی، شہری ٹھٹھر گئے، گزشتہ شب رواں موسم سرما کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، اور کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شدت چھ ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سمیت سندھ بھرمیں موسم سرد رہنے کا امکان ظاہر کردیا۔
پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔
علاوہ ازیں شمالی علاقہ جات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا، اسکردو، گلگت، مانسہرہ، غذر، سوات، ایبٹ آباد، مظفرآباد اور باغ آزاد کشمیر میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
اسکردو اور گردو نواح میں دو روز کے خراب موسم کے بعد آج مطلع جزوی طور پر صاف ہوچکا ہے، سڑکیں آئیس فیلڈ بن گئیں ہیں۔
ادھر سوات اور مینگورہ شہر میں بھی بالائی مقامات مالم جب،کالام اور مہوڈنڈ میں برفبار سے میدانی علاقے بھی ان دنوں شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
سیاحتی مقام ناران میں ٹھنڈی ہواؤں اور برفباری کے بعد درجہ حرارت نقظہ انجماد سے گرگیا، جھیلوں آبشاروں نالوں کا پانی جم گیا، گلگت میں موسم خشک مگر انتہائی سرد ہے بغیر ہیٹنگ رہنا مشکل ہے۔
باغ آزاد کشمیر بھی میں بارش اور برف باری کے بعد آج دھوپ نکلنے کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہریوں اور سیاحوں نے برف باری اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے باغ کے سیاحتی مقامات کارخ کرلیا۔
غذر میں بھی سردی کا دس سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، علاقے میں لہو جمانے والی سردی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی پندرہ تک گر گیا، درختوں نے بھی برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
دوسری جانب ایبٹ آباد سمیت گلیات میں شدید سردی ہے، سیاحتی مقام نتھیا گلی میں کیثر تعداد میں سیاح سرد موسم کو انجوائے کر رہے ہیں، آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کئی ہفتوں کے بعد دھوپ نکل آئی، خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ بالائی وادی نیلم میں سخت سردی جاری ہے۔