مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی عوام ایک سخت دور سے گزر رہی ہے، بلاول بھٹو

لاڑکانہ (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی عوام ایک سخت دور سے گزر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں محلہ غریب آباد میں پارٹی عہدیداران و کارکنان کے اجلاس کی سربراہی کی، اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جمعہ 29 اکتوبر کو ملک بھر کے اضلاع میں مقامی پریس کلبوں کے سامنے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔
اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے پاکستان کی عوام ایک سخت دور سے گزر رہی ہے، عمران خان جس معاملے میں ہاتھ ڈالتے ہیں، وہاں تبدیلی نہیں بلکہ تباہی آتی ہے، آئین نے عوام کو جو آزادیاں دی ہیں، عمران خان نے ان کو چھین لیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ووٹ کے تحفظ سے لے کر بولنے کی آزادی اور میڈیا کی آزادی کو عمران خان نے چھیننے کی کوشش کی ہے، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف پہلے دن سے پاکستان پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا، ہم اقتدار کے لئے سیاست نہیں کرتے، عوامی مسائل کا حل ہماری سیاست کا محور ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس کے دوران کارکن غوث بخش بروہی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے بلال بروہی اور علی مدد ٹگڑ کے انتقال پر ان کے پوتے ایڈووکیٹ وقار تگڑ سے تعزیت کی، چیئرمین بلاول بھٹو نے یوسی 02 کے صدر راجہ ریاض چوہان سے بھی ان کے والد اور بھانجے کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔
بلاول بھٹو نے اپنے حلقہ انتخاب میں واقع محلہ غریب آباد میں کارکنان و عہدیداران کی جانب سے علاقے کے مسائل اور ان کے حل کی تجاویز کو سنا، بلاول بھٹو زرداری نے مسائل کے حل کے حوالے سے فوری عمل درآمد کی ہدایات کیں۔
اس موقع پرچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ودیگر بھی موجود تھے۔