تحریک انصاف کی بنیاد انصاف، انسانیت اور خودداری پر ہے، فرخ حبیب

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی بنیاد انصاف، انسانیت اور خودداری پر ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے انصاف لائرز کنونشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک کا آغاز بھی وکلاء کی تحریک سے ہوا تھا، ہم چند لوگ عدلیہ بحالی کی موومنٹ میں پرچم ہاتھ میں اٹھا کر مال روڈ پر کھڑے ہوتے تھے، ہماری تحریک انصاف کی بنیاد انصاف انسانیت اور خودداری پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ انصاف سب کو برابری کی سطح پر فراہم کرنا ہے، اس ملک میں پہلی بار طاقتور کو خوف پیدا ہوا کہ وہ قانون کے ماتحت ہے، اس دور میں بڑے بڑے چور ڈاکووں کو جیلوں میں جانا پڑا، وزیر اعظم کا ویژن ہے کہ احتساب کے عمل کو کمزور نہیں پڑنے دینا، جمہوریت میں طاقت و اختیار کے ساتھ ساتھ احتساب بھی ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت قانون سازی پر کام کر رہی ہے اس بارے میں تفصیلات وزیر قانون فروغ نسیم بتائیں گے، جہاں پر قانون سازی میں مشکلات آئے وکلاء کہ ذمہ داری ہے کہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوجائیں، وزیر اعظم عمران خان نے درپیش چیلنجز کے باوجود حق اور سچ کا ساتھ دیا، کشمیریوں کے مسئلے پر بھی وزیر اعظم ان کے دلیرانہ وکیل ثابت ہوئے، بڑا آسان کام ہے کہ آپ تنقید کر لیں تنقید کرنے والے بتائیں آج سے قبل احتساب کی بات کس نے کی؟
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ جنہوں نے بینچوں پہ بریف کیس چلائے ہوں، جو ٹیلیفونوں پر فیصلے لکھواتے تھے، وہ کہتے ہیں یہ احتساب نہیں انتقام ہے، جس سے لندنوں میں محل بن گئے وہ الہ دین کا چراغ آج تک عوام کے پاس نہیں پہنچا، مریم نواز کو چیلنج ہے کہ وہ درخواست کرے کہ روز کی بنیاد پر کیس چلانے کی درخواست دیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ یہاں ہر روز تاخیری حربے استعمال کرنے کے لیے درخواستیں دی جاتی ہیں، کبھی اداروں کے سربراہان کا نام لیا جاتا ہے، شہباز شریف پر 7 ارب ٹی۔ٹی کے کیسز جبکہ 25 ارب کا کیس نیب میں چل رہا ہے، ان کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے میں وکلاء کا بڑا اہم کردار ہے۔