تنخواہوں کی عد م ادائیگی کیخلاف ملازمین کا پسنی فش ہاربر بند کرنے کااعلان
پسنی(قدرت روزنامہ)پسنی فش ہاربر اتھارٹی کے احتجاجی ملازمین نے آج سے ہاربر کے تمام داخلی و خارجی گیٹ کو بند کرنے کا اعلان کردیا، آل پارٹیز، انجمن تاجران، ماہیگیر ویلفئیر سوسائٹی، پسنی سول سوسائٹی سمیت عمائدین کے ساتھ مشاورت کے بعد گیٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کر دیا، فش ہاربر کے اندر نصف درجن سے زائد فیکٹریاں، متعدد دکانیں، ہوٹلز سمیت کسٹم ، موٹروے پولیس اور دیگر دفاتر موجود ہیں فیصلے سے نہ صرف کاروبار کے بندش کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے بلکہ ان دفاتر میں کام کرنے والے اداروں کے لئے بھی مشکلات پیدا ہو سکتے ہیں دوسری طرف فش ہاربر کے ملازمین کا کہنا ہے کہ سیکرٹری فنانس بلوچستان بابر خان کاکڑ کے ذاتی ضد و انا کی وجہ سے ملازمین یہ سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہو گئے ہیں ، واضح رہے کہ پسنی فش ہاربر ملازمین نے 20 دسمبر سے دفاتر کی تالا بندی کرکے احتجاج پر بیٹھے ہیں ۔