بلوچستان کے راستے انسانی سمگلنگ کےروک تھام کیلئے انٹر ایجنسز ٹاسک فورس فعال


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے انٹر ایجنسز ٹاسک فورس کو فعال کردیا گیا ، ٹاسک فورس تفتان کے راستے ایران جانے والے افراد کی نگرانی کریگی ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق بلوچستان میں غیر روایتی راستوں سے بیرون ممالک جانے والوں کی نگرانی کیلئے 2005میں ایف آئی اے ،پولیس ،لیویز ، کوسٹ گارڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر مشتمل انٹر ایجنسز ٹاسک فورس بنائی گئی تھی ،جسے اب فعال کردیا گیا ہے تفتان میں تعینات کی گئی ایف آئی اے کی اسپیشل ٹیم نہ صرف بیرون ممالک جانے والوں کی جانچ پڑتال کررہی ہے بلکہ انسانی سمگلنگ اور ٹریفکنگ کے حوالے سے مقدمات بھی درج کررہی ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ کے حوالے سے 2018میں بنائے جانے والے قانون پر رواں سال سے عملدرآمد شروع کردیا گیا ۔حکام نے بتایا کہ رواں سال انسانی سمگلنگ کے 23کیسز اور انسانی ٹریفکنگ کے پانچ کیسز درج کرکے کچھ ایجنٹس کو گرفتار بھی کیا ہے انہوں نے بتایا کہ بھیک مانگنے کیلئے سعودی عرب جانے والوں کو روکنے کیلئے ایف آئی اے صوبے کے ائیرپورٹس کی کڑی نگرانی کررہی ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *