گوگل کی 2025 میں ترجیحات کیا ہوں گی، منصوبہ بندی سامنے آگئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او )کا کہنا ہے کہ اے آئی ماڈل جیمنی 2025 میں کمپنی کی توجہ کا محور رہے گی، کمپنی اپنی زیادہ سے زیادہ توجہ ’جیمنی‘ کے فیچرز میں جدت طرازی لانے اور اسے بہتر سے بہتر بنانے پر مرکوز کرے گی۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی نے گوگل کے ملازمین کو بتایا کہ 2025 کمپنی کے لیے ایک اہم ترین سال ہوگا۔
امریکی ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق اس نے 18 دسمبر کو ہونے والے گوگل کی نئی حکمت عملی سے متعلق اجلاس کی آڈیو حاصل کی ہے جس میں سندر پچائی اور دیگر ایگزیکٹوز آفیسرز نے آنے والے سال کے لیے اپنی ترجیحات کا تعین کیا ہے۔
سندر پچائی نے کہا کہ میرے خیال میں 2025 بہت ہی اہم ہوگا۔ ’یہ اس لیے انتہائی اہم ہے کہ مصنوعی ذہانت کا استعمال موجودہ دور کی بنیادی ضرورت بن چکا ہے، ہم آئندہ سال بغیر وقت ضائع کیے کمپنی کے اے آئی شعبے کو آگے بڑھائیں گے۔
اس وقت منصوعی ذہانت (اے آئی) میں گوگل جیسی ٹیک کمپنیاں بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہیں، سندر پچائی نے اعتراف کیا کہ کمپنی کو مصنوعی ذہانت میں مزید بہتری لانے کی ضرروت ہے-
انہوں نے جیمنی ایپ (اسی نام کے کمپنی کے اے آئی ماڈل پر مبنی) کو ’مضبوط رفتار‘ قرار دیا، جبکہ یہ بھی تسلیم کیا کہ ’ہمیں 2025 میں اس فرق کو ختم کرنے اور وہاں قائدانہ پوزیشن قائم کرنے کے لیے مزید محنت کرنا ہو گی۔
انہوں نے اپنے ایگزیکٹو بورڈ کے ممبران سے کہا کہ اگلے سال جیمنی کے صارفین کی تعداد کو بڑھانا اور اس کے فیچرز میں مزید بہتری لانا ہماری سب سے اہم ترجیحات ہوں گی۔