جنوبی کوریا حادثہ، ایئر لائن کے مالک نے سر جھکاکر معافی مانگ لی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جنوبی کوریا میں گزشتہ روز حادثے کا شکار والے نجی کمپنی کے طیارے کے مالک نے واقعے پر سر جھکا کر معافی مانگ لی ہے۔ نجی ایئرلائن جیجو کا مسافر بردار طیارہ اتوار کے دن تھائی لینڈ سے آتے ہوئے جنوبی کوریا کے موان ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا جس میں اب تک 179مسافر جان سے گئے ہیں جب کہ صرف 2 فضائی میزبانوں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
کمپنی کے سی ای او نے اس حادثے کو افسوس ناک قرار دے کر اس پر سر جھکا کر معافی مانگ لی۔ انہوں نے حادثے کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔
دوسری طرف مذکورہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات پر مبنی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق طیارے سے لینڈنگ کے دوران پرندے ٹکرائے جس کے بعد پائلٹ نے مے ڈے کال دی۔ اس موقع پر کنٹرول ٹاور کی طرف سے مذکورہ طیارے کو رن وے پر مخالف سمت سے لینڈنگ کی اجازت دی گئی مگر لینڈنگ کے دوران، طیارے کی لینڈنگ گئیر میں خرابی پیدا ہوئی جس کی وجہ سے جہاز رن وے سے نکل کر حفاظتی دیوار سے ٹکرایا اور دھماکا ہوا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل آذربائیجان کا ایک مسافر بردار جہاز بھی مغربی قازقستان میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 38افراد ہلاک ہوئے تھے۔
مذکورہ حادثے کا ذمہ دار ممکنہ طور پر روس کے دفاعی نظام کو قرار دیا جارہا ہے تاہم روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے واقعے کی ذمہ داری قبول کیے بغیر حادثے پر معذرت کی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *