کاسمیٹک سرجری کرانے والی اداکاراؤں کے بارے میں نیلم منیر نے کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ خوبصورتی اور وقار عمر کے ساتھ آتے ہیں اس لیے عمر بڑھنے اور چہرے پر جھریوں کے بارے میں فکرمند نہیں ہوناچاہیے۔
نیلم منیر حال ہی میں پوڈ کاسٹ بیوٹی ایڈیٹ میں نظر آئیں جس میں انہوں نے اینٹی ایجنگ، بوٹوکس اور اداکاراؤں کی کاسمیٹک سرجری کے حوالے سے بات کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمر آپ کی شخصیت میں نکھار ڈالتی ہے اور خوبصورتی اعتماد میں ہے۔ ہر کسی کو اپنے چہرے کے بارے میں پراعتماد ہونا چاہیے کہ وہ جیسا نظر آ رہا ہے خوبصورت ہے لیکن پھر بھی اگر کوئی کاسمیٹک سرجری یا بوٹوکس کرانا چاہتا ہے تو وہ کروا سکتا ہے کیونکہ یہ شوق کی بات ہے اور یہ کسی بھی عمرمیں ہو سکتا ہے لیکن اس کے لیے درست ڈاکٹر کا انتخاب کرنا بہت ضروری ہے۔
دلکش اور حسین نظر آنے کی دوڑ میں بہت سی پاکستانی اداکارائیں کاسمیٹک سرجری کے طریقہ کار کا انتخاب کرتی ہیں ان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نیلم منیر کا کہنا تھا کہ بوٹوکس کرانے والے تمام چہرے اب تقریباً ایک جیسے نظر آتے ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ ساتویں کلاس کی طالبہ تھیں جب سے انہوں نے اداکاری شروع کی پہلے کمرشل اور پھر ڈرامہ انڈسٹری کی طرف آئیں۔ شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ فی الحال ان کا شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ نیلم منیر ایک مشہور پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکارہ ہیں جو اپنی سحر انگیز خوبصورتی اور غیر معمولی اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں۔ نیلم منیر کے کامیاب ڈراموں میں اشک، قیامت، دل نواز، بکھرے موتی، محبت داغ کی صورت، کہیں دیپ جلے، دل موم کا دیا، احرام جنون اور خمار شامل ہیں۔ ان کی مقبول فلموں میں رانگ نمبر اور چکر شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *