موٹروے پر بس حادثے میں 10 مسافر جاں بحق، 7 زخمی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موٹروے ایم 14 پر فتح جنگ کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 مسافر جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، حادثے کے بعد موٹروے پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعدازاں، زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال فتح جنگ منتقل کیا گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، بس بہاولپور سے اسلام آباد جارہی تھی، حادثہ بس ڈرائیور کی لاپرواہی اور غفلت کی وجہ سے پیش آیا، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بس ڈرائیور نے موٹروے پولیس کو بتایا کہ حادثہ ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا، جبکہ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کو نیند آجانے کے سبب پیش آیا ہے۔