میرا اسکرپٹ اللہ کی طرف سے آتا ہے، خلیل الرحمان قمر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف ڈرامہ نگار، ہدایتکار و شاعر خلیل الرحمان جو کئی رومانوی ڈرامے تحریر کرچکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ان کا لکھا ہوا اسکرپٹ اللہ کی طرف سے آتا ہے۔
خلیل الرحمان قمر نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی، میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آپ کہتے ہیں میرے اسکرپٹ میں ’کی‘ یا ’کا‘ کی بھی تبدیلی نہیں ہو گی۔ جواب میں ڈرامہ نگار نے کہا کہ وہ ایسا اس لیے کہتے ہیں کیونکہ ان کا اسکرپٹ اللہ کی طرف سے آتا ہے اور وہ اس کے محافظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ان کے اسکرپٹ میں ترمیم کرنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ دوبارہ کبھی ان کے لیے نہیں لکھتے۔ خلیل الرحمان قمر کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ چند مخصوص فنکاروں کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں جو ان کی لکھی گئی لائنوں کو اچھی طرح یاد رکھ سکتے ہیں اور ادا کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ خلیل الرحمان قمر ایک مشہور پاکستانی مصنف اور پروڈیوسر ہیں جنہوں نے متعدد ہٹ ٹیلی ویژن ڈرامے اور فلمیں لکھی ہیں جن میں منجھلی، صدقے تمہارے، بنٹی آئی لو یو، میرے پاس تم ہو، پیارے افضل، جنٹلمین، زمین بازار، لال عشق، پنجاب نہیں جاؤں گی شامل ہیں۔