بلوچستان کے سپوت دشمن کے ارادوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے: سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بہادر سپوت دشمن کے ناپاک ارادوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنیں گے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کوئٹہ میں انسداد دہشتگردی فورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دلیر اے ٹی ایس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، خدمت ہر فیلڈ میں رہنے والے لوگ کر رہے ہیں لیکن ملک کیلئے خون بہانا عظیم لوگوں کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن بزدل بھی ہے اور چالاک بھی ہے، دشمنوں کو بھارتی خفیہ ایجنسی را فنڈنگ کرتی ہے، را دشمنوں کو معصوم لوگوں کے قتل وغارت میں لگاتی ہے، اس جنگ کا آخر کچھ بھی نہیں، آپ بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کرسکتے، افواج اور جوان مل کر آپ کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی خواہش تھی ہمارا ٹریننگ سکول بند ہو جائے لیکن چل رہا ہے، آج پاکستان کے سکول آباد ہیں، دشمن نے پارکوں اور ہسپتالوں پر حملہ کیا، آپ کا خیال تھا ہمارے پارک اور ہسپتال ویران ہوں گے، ہمارے سکیورٹی ادارے آپ کے ارادے خاک میں ملا دیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اینٹی ٹیررازم فورس کے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ غازیوں نے ہمت اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، یہ ریاست تاقیامت کیلئے بنی ہے کوئی ایک انچ کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، آپ نے شاہراہوں اور اداروں کی حفاظت کرنی ہے، دہشتگردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کرنا ہے۔
سرفرازبگٹی کا کہنا تھا کہ آپ نے دہشتگردوں کو دھول چٹانی ہے، ہم اے ٹی ایف سکول میں سولر سرچ لائٹس لگائیں گے، ہم پورے اے ٹی ایف سکول میں تھرمل کیمرے لگائیں گے، تھرمل کیمروں کی رینج دو سے ڈھائی کلومیٹر ہو گی، اے ٹی ایف سکول کے شہداءکے نام پر 2 بلڈنگز کی تعمیر نو کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداءنے ہمارے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے، ہم اپنے شہداءکو نہیں بھولیں گے، تمام شہداءکے خاندانوں کی کفالت کریں گے، شہداءکے بچوں کو 16 ویں جماعت تک مفت تعلیم دیں گے، شہداء ہمارے دل میں بستے ہیں، خاندانوں کی کفالت ہماری ذمہ داری ہے۔