انسٹاگرام پر اپنی دولت کی نمائش کرنے والی خاتون کے گھر پونے 4 ارب کی چوری ، مدد کرنے والوں کیلئے 53 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا

لندن (قدرت روزنامہ) برطانوی دارالحکومت لندن کے علاقے پرائمروز ہل میں واقع ایک لگژری گھر سے 10.4 ملین پاؤنڈز (تقریباً 3 ارب 70 کروڑ روپے) مالیت کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ خاتون شفیرا ہوانگ جو ایک مشہور انسٹاگرام انفلوئنسر اور آرٹ کلیکٹر ہیں، اس واقعے کے وقت گھر میں موجود نہیں تھیں۔

ڈیلی سٹار کے مطابق چوری شدہ اشیاء میں ہرمیز کروکڈائل کیلی ہینڈ بیگز، 15 ہزار پاؤنڈ زکی نقدی سمیت 10.4 ملین پاؤنڈز کے منفرد زیورات شامل ہیں۔ زیورات میں گراف 10.73 قیراط کی ڈائمنڈ رنگ، دو ڈی بیئرز بٹر فلائی ڈائمنڈ رنگ، ہرمیز 3.03 قیراط کی انگوٹھی، ایک ایکوامیرین رنگ، اور نایاب نیلوتیکود لومیر نیکلیس شامل ہیں۔

شفیرا جو بانڈ سٹریٹ کے ہالسیئن گیلری کی کلچرل ایمبیسڈر ہیں، اکثر اپنی عیش و عشرت سے بھرپور زندگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں، جن میں نجی طیاروں کے سفر، لگژری کشتیوں پر ہانگ کانگ کی سیر اور شاندار اسکی ٹرپس شامل ہیں۔ تاہم چوری کے بعد ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پرائیویٹ کر دیا گیا ہے۔

ایل بی سی کے مطابق متاثرہ خاتون نے چوری کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے والے کے لیے ڈیڑھ ملین پاؤنڈز (تقریباً 53 کروڑ 22 لاکھ روپے) کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ پولیس نے ایک مشتبہ شخص کی تفصیلات جاری کی ہیں جس کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔ درمیانی جسامت کا یہ سفید فام مرد چوری کے دوران ایک نامعلوم ہتھیار سے مسلح تھا۔ مشتبہ شخص نے اپنا چہرہ چھپانے کی کوشش کی اور گہرے رنگ کی ہوڈی، کارگو پینٹ اور سرمئی بیس بال کیپ پہنی ہوئی تھی۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ چوری اتفاقیہ تھی یا متاثرہ خاتون کے سوشل میڈیا پر دکھائے جانے والے قیمتی اثاثوں کی وجہ سے انہیں نشانہ بنایا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *