پاکستان میں سال نو کا رنگا رنگ آغاز، جگہ جگہ تقریبات، آتش بازی کا بھرپور مظاہرہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں سال نو کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا ہے، رات کے 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ 2025 کا آغاز ہوتے ہی منچلے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور سال نو کا بھرپور جشن منایا۔
سال نو کے جشن کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے پابندی کے باوجود کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں کے عوام اپنے اپنے انداز سے نئے سال کو ویلکم کہہ رہے ہیں، اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دی جارہی ہیں۔
روشنیوں کے شہر کراچی میں جونہی گھڑی پر رات کے 12 بجے جو جہاں تھا وہیں جشن منانا شروع کردیا۔ اسی طرح بحریہ ٹاؤن کراچی، سینٹورس مال اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی بھرپور جشن منایا گیا۔
’صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کی قوم کو سال نو کی مبارکباد‘
دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم کو نئے سال کے آغاز پر مبارک باد پیش کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ میری یہ دعا ہے 2025 کا سورج ہمارے ملک پاکستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کی نوید لےکر طلوع ہو، نئے سال میں ہم گزشتہ سال کی اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات کریں اور ایک نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں۔
شہباز شریف نے کہاکہ میں دعا گو ہوں کہ 2024 میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کے لیے مثبت پیش رفت ہو، نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، افلاس، جنگ، دہشتگردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔
انہوں نے کہاکہ 2024 کا سال ہمارے پیارے پاکستان کے لیے شاندار کامیابیوں کا سال تھا۔ 2024 کے دوران ہمارے معاشی اشاریے بہتر ہوئے۔ بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ دوست اور برادر ممالک سے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے اور معیشت کی ڈیجیٹائزیشن پر کام کا آغاز ہوا۔
’مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں‘
وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے باضابطہ طور پر قومی اقتصادی ٹرانفارمیشن پلان ’اڑان پاکستان‘ کا اجرا کردیا ہے، ’اڑان پاکستان‘ دراصل معیشت کو ایک نئی جہت دینے، جامع ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے میری حکومت کا عزم ہے۔ اب جبکہ ہم 2025 میں داخل ہورہے ہیں اور معیشت کو خود انحصاری کی پٹڑی پر ڈال چکے ہیں تو آج کے دن ہم ایک مستحکم، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ 2024 کا سال فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے بد ترین سال رہا جس میں اسرائیلی قابض افواج نے ظلم کی وہ داستانیں رقم کیں جن کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ اسی طرح بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے مظلوم بھائی اور بہنیں بھارتی قابض افواج کی بربریت کا شکار رہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ 2025 میں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اپنی آزادی کی جدو جہد میں کامیاب ہوں۔
انہوں نے کہاکہ 2024 میں ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہمارے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن کی قربانیاں قوم تاحیات یاد رکھے گی۔
’آئیں عہد کریں کہ ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے‘
انہوں نے کہا کہ آئیں! نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے، میں دعا گو ہوں کہ 2025 ہماری قوم کے لیے خوش قسمتی اور بے پناہ خوشیوں کا سال ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *