برطانیہ: برفباری کی پشگوئی نے نیو ایئر تقریبات پر پانی پھیر دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ میں تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر نئے سال کے استقبال کے لیے منعقد ہونے والی تقریبات منسوخ کردی گئیں۔
بی بی سی کے مطابق میٹ آفس نے برطانیہ کے زیادہ تر حصوں میں بدھ تک سخت موسمی صورتحال کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔
میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے کچھ حصوں میں 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام شدید متاثر ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایڈنبرا میں عوامی حفاظت کے پیش نظر سال کے اختتام کے حوالے سے تقریبات کو پہلے ہی منسوخ کر دیا گیا ہے جب کہ شمالی یارکشائر میں بلیک پول میں نیو کیسل، آئل آف وائٹ اینڈ رپن میں آتش بازی بھی منسوخ کردی گئی۔
اسٹریٹ پارٹی اور آتش بازی دیکھنے کے لیے ایڈنبرا کا سفر کرنے والے افراد سے سال کے اختتام کے حوالے سے منفرد تقریب کے منتظمین نے عالمی سیاحوں سے معذرت کرلی ہے۔
علاوہ ازیں وسطی، جنوبی اسکاٹ لینڈ اور شمالی انگلینڈ کے کچھ حصوں میں بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا لندن کے میئر کے ترجمان نے کہا کہ موسم کے بارے میں خدشات کے باوجود دارالحکومت میں آتش بازی کا مظاہرہ ہو گا۔
مانچسٹر میں بھی تقریبات بھی منصوبے کے مطابق منعقد کی جائیں گی۔