پاکستانیوں نے 2024 میں گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اب تک تو شاید آدھے سے زیادہ پاکستان ’’بنانا بریڈ‘‘ بنانا سیکھ ہی چکا ہوگا۔ کیونکہ 2024 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی ریسپیز میں ’’بنانا بریڈ‘‘ کی ریسیپی پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کی گئی ہے۔
2024 میں پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے گوگل پر بہت سے سوالات سرچ کیے ہیں۔ جن میں کچھ سوالات نہ صرف دلچسپ ہیں بلکہ کافی منفرد بھی ہیں۔
واضح رہے کہ گوگل نے مجموعی طور پر 6 مختلف کیٹیگریز میں پاکستانیوں کی پسندیدہ سرچز کی فہرست جاری کی ہے۔ جن میں کرکٹ، ہاؤ ٹو، موویز اور ڈرامہ، ٹیکنالوجی اور شخصیات کی کیٹیگریز شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہر سال کھربوں سرچز میں سے سال بھر کے دوران سب سے زیادہ ٹرینڈنگ سرچز کو مدنظر رکھ کر اس فہرست کو مرتب کیا جاتا ہے۔
ہاؤ ٹو کی کیٹیگری میں پاکستانیوں کی جانب سے کچھ سوالات کے جوابات ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی۔ ان سوالات میں 2024 کے انتخابات کے دوران ’’پولنگ اسٹیشن کیسے ڈھونڈا جائے‘‘ سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ’’دادی کے مرنے سے پہلے لاکھوں روپے کیسے کمائے جا سکتے ہیں، استعمال شدہ گاڑی کیسے خریدی جائے، پھولوں کو زیادہ دیر تک کیسے تازہ رکھیں، کمپیوٹر میں یوٹیوب ویڈیوز کیسے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں، بغیر کسی سرمایہ کاری کے کیسے کمائیں، جینز سے گھاس کا داغ کیسے نکالا جائے، گھٹنے کی چوٹ کے بعد دوبارہ ورزش کیسے شروع کریں اور ورلڈ کپ لائیو کیسے دیکھا جا سکتا ہے‘‘ جیسے سوالات شامل ہیں۔
یہ وہ تمام سوالات تھے جو گوگل پر پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے گئے۔ ان میں سب سے زیادہ پاکستانیوں نے ووٹ کا حق ادا کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کو کیسے تلاش کیا جائے، کا سوال سرچ کیا گیا تاہم 8 فروری 2024 کے انتخابات کے بعد سے یعنی تقریباً پورا سال پاکستانیوں کی جانب سے سیاست سے متعلق کوئی سوال زیادہ سرچ نہیں کیا گیا۔
گوگل پر سرچ کی جانے والی ریسیپیز میں پاکستانیوں نے ’’ بنانا بریڈ‘‘ کی ریسیپی سب سے زیادہ سرچ کی۔ اس کے علاوہ مالپورہ، گارلک بریڈ، چاکلیٹ چپ کوکیز، توا کلیجی، پیچ آئسڈ ٹی، کریمی پاستہ، پیزا ریسیپی، ایگ نوڈل ریسیپی اور ہیش براؤن کی ریسیپیز سرچ کی گئیں۔
پاکستان میں اس سال لوگوں نے جس شخصیت کو سب سے زیادہ سرچ کیا وہ ایرانی نژاد فرانسیسی فوٹوگرافر عباس عطار ہیں۔ اس کے علاوہ ایتل عدنان، ارشد ندیم، ثناء جاوید، ساجد خان، شعیب ملک، حریم شاہ، مناہل ملک، زویا ناصر اور مکیش امبانی شامل ہیں۔
کھیلوں کے متعلق پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے موضوعات ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ، پاکستان بمقابلہ انگلینڈ، پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، پاکستان بمقابلہ بھارت، پی ایس ایل 2024 شیڈول، بھارت بمقابلہ انگلینڈ، بھارت بمقابلہ جنوبی افریقہ، پاکستان بمقابلہ یو ایس اے اور بھارت بمقابلہ انگلینڈ شامل ہیں۔
پاکستانیوں کی جانب سے 2024 میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی موویز اور ڈراموں میں ہیرا منڈی، بارہویں فیل، انیمل، مرزاپور، اسٹریٹ 2، عشق مرشد، بھول بھلیاں 3، ڈنکی، بگ باس 17، اور کبھی میں کبھی تم شامل ہیں۔
ٹیکنالوجی کی کیٹیگری میں پاکستانیوں نے چیٹ جی پی ٹی لاگ ان، بنگ امیج کری ایٹر، انفنکس ہاٹ 50 پرو، ریڈ می 16 پرو میکس، جیمی نائی، انفنکس نوٹ 30، ویو وائے 100، آئی فون 16 پرو میکس، انفنکس نوٹ 40، اور ری میکر اے آئی جیسے موضوعات کو سرچ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *