نیویڈیا کا مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا اور مفت چیٹ بوٹ متعارف، یہ چیٹ جی پی ٹی سے کیسے مختلف ہوگا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گرافک چِپ بنانے والی معروف کمپنی نیویڈیا (NVIDA) کی جانب سے حال ہی میں مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا چیٹ بوٹ متعارف کرا دیا گیا جسے کمپیوٹر پر انسٹال کیا جاسکتا ہے۔
اگرچہ اس چیٹ بوٹ کو ابھی تجرباتی طور پر متعارف کیا گیا ہے لیکن اسے ابھی سے ہی اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی کے متبادل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
نیویڈیا کے اس چیٹ بوٹ کا نام ’چیٹ وِد آر ٹی ایکس‘ (Chat with RTX) ہے اور ابتدائی مرحلے میں صارفین اس کا ایپ مفت ڈاؤن لوڈ کرکے استعمال کرسکیں گے۔
نیویڈیا کے مطابق ’چیٹ وِد آر ٹی ایکس‘ کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ اپنے صارف کے استعمال، لوکیشن، سرچ ہسٹری اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی چیٹ بنانے کا اہل ہے۔ یاد رہے کہ اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی کلاؤڈ پر موجود وسیع ڈیٹا سے مدد لے کر چیٹ بناتا ہے تاہم نیویڈیا کا نیا چیٹ بوٹ صارف کے کمپیوٹر میں محفوظ ڈیٹا کو بروئے کار لاکر مخصوص چیٹ، یا سوالات کا جواب پیش کرسکے گا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ ’چیٹ وِد آر ٹی ایکس‘ کی یہ خصوصیت کاروباری اداروں کے لیے مددگار ثابت ہوگی جو اوپن سورسز کے بجائے اپنے پاس موجود ڈیٹا سے استفادہ کرسکیں گے۔ یوں اس چیٹ بوٹ کو ’ذاتی چیٹ بوٹ‘ کہا جارہا ہے جو ہر کسی کی انفرادی ضرورتوں اور ترجیحات کو ملحوظ خاطر رکھ کر صارف کو سروس فراہم کرے گا۔
اس وقت دنیا میں چیٹ جی پی ٹی جیسے مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس لاکھوں افراد استعمال کررہے ہیں اس لیے صارفین کی پرائیویسی اور ڈیٹا کے تحفظ کے حوالے سے خدشات پیدا ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال مارچ کے مہینے میں اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی میں ڈیٹا لیک ہونے کے انکشاف سے ان خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے تاہم ’چیٹ وِد آر ٹی ایکس‘ اس خدشات کو کم کرسکتا ہے کیوں کہ یہ اوپن ڈیٹا سورس کے بجائے انفرادی کمپیوٹر یا ایک ادارے کے لوکل نیٹ ورک میں موجود ڈیٹا کو استعمال میں لاتا ہے۔