حکومت پرامن احتجاج کو جمہوری حق تسلیم کرے، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ،سنیئر نائب صدر جمیل بوستان ایڈوکیٹ ،نا ئب صدر عصمت اللہ اچکزئی ایڈوکیٹ،نائب صدر قلات زون واجہ اکرم بلوچ،نائب صدر ژوب زون موسی جان کاکڑ ایڈوکیٹ،جنرل سیکریٹری نجب الدین آغا ،فنانس سیکرٹری ایاز خان کاکڑ ایڈوکیٹ،جوائنٹ سیکرٹری سمیرا عابد ایڈووکیٹ ،پر یس سیکرٹری عبد القادر کاکڑ ایڈوکیٹ،لائبریری سیکرٹری سنان ہوت ایڈوکیٹ نے پنے ایک مشترکہ مذمتی بیان میں کاسی قبیلے کی پرامن ریلی اور حب میں زبیر بلوچ کے بازیابی کیلئے دھرنے میں بیٹھی خواتین اور بچوں کے اوپر پولیس کی جانب سے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور پرامن احتجاج کو جمہوری حق تسلیم کرے۔بیان میں کہا گیا کہ پرامن ریلی اور مظاہروں پر پولیس کی جانب سے تشدد اور گرفتاریاں بلوچستان کی رسم ورواج ،ثقافت اور روایات کے خلاف ہیں اور یہ عمل ناقابل قبول ہے۔ بیان میں کہاگیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے اور ایسے واقعات عوام میں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھا رہے ہیں۔بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حب میں خواتین اور بچوں پر ہونے والے تشدد اور کاسی قبائل کی ریلی پر کئے گئے حملوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام گرفتار شدگان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔