ظالمانہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، زمیندار ایکشن کمیٹی کا بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)زمیندار ایکشن کمیٹی نے 2 جنوری کو قبائل کی اراضیات پر ظالمانہ زرعی انکم ٹیکس و سولر منصوبے کی رقم میں سستی کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ظالمانہ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، زمینداروں کو 15 ماہ میں صرف 2 ماہ 6 گھنٹے بجلی فراہم کی گئی جو وعدے کی خلاف ورزی ہے، زمیندار ایکشن کمیٹی نے تمام تر مشکلات کے باوجود ہر ممکن تعاون کیا لیکن زمینداروں کے مسائل حل نہیں کئے جا رہے۔ اس بات کا فیصلہ منگل کے روز زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ملک نصیر احمد شاہوانی کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے زمینداروں جنرل سیکرٹری حاجی عبدالرحمن بازئی، حاجی عبد الجبار کاکڑ، حاجی کاظم خان اچکزئی، حاجی محمد افضل بدوزئی، حاجی نور احمد بلوچ، حاجی عزیز سرپرہ، ملک رمضان مہتر زئی، عبد اللہ جان میرزئی، سید صدیق اللہ آغا، حاجی یعقوب شاہوانی، حاجی عبد القدوس اچکزئی، غلام جان، حق نواز لانگو، یعقوب موجود تھے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے قبائل کی اراضیات پر ظالمانہ زرعی ٹیکس نافذ کیا جا رہا ہے اس طرح نہ صرف زرعی شعبے سے وابستہ افراد تباہ ہو جائیں گے بلکہ بلوچستان کا ہر وہ فرد جس کی اراضی ہے وہ اس ٹیکس کی زد میں آئے گا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سولر منصوبہ شروع کیا گیا لیکن بدقسمتی سے مدت کا جو وعدہ کیا گیا تھا اب عمل کرنے کی بجائے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں 25 ہزار ٹیوب ویلز کا ڈیٹا جمع ہو چکا ہے لیکن صرف 26 سو زمینداروں کو رقوم ملی ہے جس کی وجہ سے دیگر زمینداروں میں تشویش پائی جا رہی ہے ایک طرف سولر کے پیسے نہیں دئیے جا رہے تو دوسری طرف بجلی بھی بند کردی گئی ہے یہ عمل ناقابل قبول ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے وعدوں کے باوجود بلوچستان کے زمینداروں کو 15 ماہ میں صرف 2 ماہ کے دوران 6 گھنٹے بجلی فراہم کی گئی ہے۔ لہذا زمیندار ایکشن کمیٹی بجلی کی عدم فراہمی، سولر منصوبے کی رقم منتقلی میں سست روی اور ظالمانہ زرعی ٹیکس کے خلاف بلوچستان اسمبلی کے سامنے 2 جنوری کو دھرنا دے گی تمام اضلاع کے زمینداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ 2 فروری کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن پہنچ جائیں اور وہاں سے ریلی کی شکل میں بلوچستان اسمبلی جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *