یونان کشتی حادثہ؛ ایف آئی اے کے 31 افسران و اہلکاروں سے تحقیقات
ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں خصوصی ٹیم نے تمام اہلکاروں کو اسلام آباد ہیڈکواٹر طلب کرکے پرسنل ہیئرنگ کی، ذرائع
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)یونان کشتی حادثے کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے میں تفتیش کا سلسلہ جاری ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے کے 31 افسران و اہلکاروں سے متعلق محکمانہ تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے تمام اہلکاروں کو اسلام آباد ہیڈکواٹر طلب کرکے الزامات پر مرحلہ وار پرسنل ہیئرنگ کی۔
یونان کشتی حادثے کے معاملے میں ابتدائی تحقیقات میں ایف آئی اے کے مبینہ طور پر 31 افسران و اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا، جس کے بعد کشتی حادثے میں ملوث مشتبہ ایف آئی اے افسران و اہلکاروں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرائے گئے۔
فیصل آباد ایئرپورٹ کے 19، سیالکوٹ ایئرپورٹ کے 3، لاہور ایئرپورٹ کے 2 افسران جب کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے 2 اور کوئٹہ ایئرپورٹ کے 5 افسران و اہل کاروں کے نام اس فہرست میں شامل کیے گئے تھے۔ ان افسران میں انسپکٹر، سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔
ابتدائی تحقیقات میں تمام 31 افسران یونان کشتی حادثہ سمیت بیرون ملک جاکر سلپ ہونے والے لوگوں کو مبینہ سہولیات مہیا کرنے یا مبینہ غفلت کے مرتکب پائے گئے۔ ذرائع کے مطابق یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں ایف آئی اے نے31 اہلکاروں کو مشتبہ قرار دیدیا تھا ، جس کے بعد پرسنل ہیرنگ کا سلسلہ مرحلہ وار جاری ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کوئی فیصلہ آیا یا افسران و اہلکاروں کی خلاف محکمانہ ایکشن لیا جاتا ہے تو تفصیلات شیئر کردی جائیں گی۔