99 فیصد درست پیشگوئیوں کا دعویٰ کرنیوالی ماہر علم نجوم نے 2025 کیلئے بڑی پیشگوئیاں کردیں
لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان کی نامور ماہر علمِ نجوم سامعہ خان نے 2025 کے لیے بڑی پیشگوئیاں کی ہیں۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق سال 2024 کے اختتام پر سامعہ خان نے جیو نیوز کے پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی جس میں میزبان تابش ہاشمی سمیت شو کے شرکا نے ان سے متعدد سوالات کیے۔
سامعہ خان نے دعویٰ کیا کہ یہ ان کا ریکارڈ ہے کہ 2021 سے 2024 تک ان کی 99 فیصد پیشگوئیاں درست ثابت ہوئی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ‘جب تک اگلے سال (2025) کی 15 مئی نہیں آجاتی، تب تک ہر دن آپ لوگوں نے اللہ سے اپنے لیے امان مانگنی ہے’۔
ماہر علمِ نجوم نے وضاحت دی کہ ‘شیطانی طاقتوں کا دور دورہ ہے اور 15 مئی کے بعد پھر اللہ پاک اس دنیا کا نقشہ بدلنے جا رہے ہیں’۔
انہوں نے غزہ کی صورتحال پر میزبان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال پر کہا کہ ‘میں نے 2020 کے اختتام پر کہا تھا کہ ہم دنیا کے اختتامی دور میں داخل ہو چکے ہیں، اس بات پر ایک بین الاقوامی چینل نے میرا انٹرویو کیا کہ آپ اس دعوے کی دلیل پیش کریں’۔
سامعہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا ‘ہم فلسطینیوں کی مدد تو نہیں کرسکتے لیکن اب ساری وہ نشانیاں ہیں جو قیامت کی طرف لے کر جا رہی ہیں، آپ لوگوں کی نسل وہ دور دیکھے گی جب امام مہدی کا ظہور ہوگا’۔
ماہر علمِ نجوم نے کہا ‘میرا مشورہ ہے کوئی بھی شخص جس نے کسی گناہ سے توبہ کی ہے وہ دوبارہ گناہ میں نہ پڑے کیونکہ شاید زندگی ہمیں موقع نہ دے، دنیا اب تیسری عالمی جنگ کی طرف جارہی ہے’۔
سامعہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ‘جھوٹ کو اپنی زندگیوں سے نکال دیں، ہم چھوٹی چھوٹی باتوں پر معمولی جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں، پاکستان کے مسئلے حل ہو جائیں گے اگر جھوٹ بولنا چھوڑ دیں’۔
پاکستان کی صورتحال:
دوران پروگرام پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے سامعہ نے کہا ‘شاید ابھی آپ کو میری باتیں دیوانے کا خواب لگیں لیکن پاکستان 2025 سے ہی وہ بنے گا جس کا خواب آپ کو دکھایا گیا، اب ہمارے ملک کا وہ وقت شروع ہوگا، لیکن 5 جنوری سے 24 فروری کا وقت مشکل ہے’۔
انہوں نے کہا ‘اس عرصے میں پاکستان کو کچھ بیرونی خطرات لاحق ہیں، اگر یہ وقت ہمارے اداروں نے آپس میں مل کر پاکستان کو جوڑ لیا تو بہت اچھا ہوگا، مئی سے ملک میں سرمایہ کاری بھی آئے گی اور بہترین الائنس بنیں گے’۔