لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں سمیت 6 ملزمان گرفتار
ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیرقانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائےگئے، ایف آئی اے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے اسلام آباد نے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلروں سمیت 6 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ارشد، سہیب علی حشمت، احمد نواز ، ذوالفقار ، مظہر خان اور منشا کے نام سے ہوئی۔ ملزم احمد نواز، محمد ارشد، مظہر خان اور منشاء سال 2023 میں ہونے والے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم احمد نواز کو چھاپہ مار کارروائی میں سرگودھا سے گرفتار کیا گیا۔ احمد نواز انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے اور اس کے خلاف انسدادِ انسانی اسمگلنگ راولپنڈی میں متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم نے لیبیا کشتی حادثے کے 9 متاثرین سے مجموعی طور پر 5 کروڑ 16 لاکھ روپے ہتھیائے۔
ملزم احمد نواز نے لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاوسسز میں رکھا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔ کشتی حادثے میں تمام متاثرین کی موت واقع ہوئی۔ اشتہاری ملزم منشا کو جھنگ قصور سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم لیبیا کشتی حادثہ کے مقدمہ میں نامزد ہے۔ ملزم کو تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے 3 مختلف مقامات پر چھاپہ مار کاروائیاں کر کے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم مظہر خان لیبیا کشتی حادثہ میں ملوث ہے۔ ملزم کے خلاف سال 2023 میں متعدد مقدمات درج کئے گئے۔ مظہر خان بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر یورپ اور دیگر ممالک بھجوانے میں ملوث پایا گیا۔ بدنام زمانہ ایجنٹ سہیب علی حشمت کو بھی چھاپہ مار کارروائی میں ای الیون اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم اشتہاری ہے اورانسانی اسمگلنگ کے کئی مقدمات میں نامزد اور ویزا فراڈ میں بھی ملوث ہے۔
ملزم مظہر خان پولینڈ ، یونان ، کینیڈا اور لیٹیویا جیسے ممالک میں ٹریفکنگ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث پایا گیا۔ ملزم اینٹی منی لانڈرنگ سرکل فیصل آباد کی مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی شامل ہے۔ انتہائی مطلوب ہیومن اسمگلر ذوالفقار کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم متعدد مقدمات میں نامزد اور اشتہاری ہے۔ ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد بخاری کے مطابق کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ انٹیلیجنس بنیادوں پر انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔ ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔