انسانی اسمگلنگ؛ ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کیخلاف مقدمات، 35 نوکری سے فارغ
کشتی حادثات میں غفلت اور لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے، ڈی جی ایف آئی اے
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے جب کہ 35 کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔
وزیراعظم کی ہدایت پر کشتی حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
تحقیقات کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے اردلی روم کا انعقاد کیا، جس میں کشتی حادثات میں ملوث 49 اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیوں پر سماعت کی گئی اور کشتی حادثات میں ملوث 4 انسپکٹرز، 10 سب انسپکٹرز ، 2 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 14 کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے کہا ہے کہ کشتی حادثات میں غفلت اور لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔