کرم امن معاہدہ: ایم ڈبلیو ایم کا ملک بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ضلع کرم میں دو متحارب قبائل کے درمیان امن معاہدے کے بعد مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے ملک بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے ملک بھر سے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہاکہ کرم میں دونوں قبائل کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، اب معاہدے پر عملدرآمد کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
راجہ ناصر عباس نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں حکومت فی الفور معاہدے پر عملدرآمد کرانے کے لیے اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دو متحارب قبائل کے درمیان سیز فائر پر اتفاق ہوگیا ہے، اور 14 نکاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق فریقین کی جانب بنائے گئے مورچے ختم کیے جائیں گے، جبکہ ہیوی اسلحہ حکومت کے حوالے کردیا جائےگا۔