کراچی میں سال 2025 کا پہلا دن یاد رکھا جائے گا، مگر کیوں؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سال 2025 کا آغاز سب سے پہلے نیوزی لینڈ سے ہوا اور اس خوشی میں آتش بازی کرتے ہوئے سال نو کو خوش آمدید کہا گیا، دنیا بھر میں نئے سال کی خوشی میں جشن منا کر پہلے دن کو یاد گار بنانے کی کوشش کی جاتی ہے، بات کریں پاکستان کے معاشی حب کراچی کی تو یہاں سال نو کے پہلے روز ایسا کیا ہوتا رہا کہ یہ دن کراچی کے باسیوں کو یاد رہے گا؟
کراچی میں نئے سال کی آمد سے قبل دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی، شہر میں پارہ چنار واقعہ پر 2 مذہبی جماعتوں کی جانب سے ایک درجن سے زائد مقامات پر دھرنے دیے گئے تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے ان دھرنوں کو ختم کرنے کے لیے ایکشن تو لیا گیا لیکن اس کا کوئی فائدہ نہ ہوسکا اور یوں نئے سال کے پہلے روز کراچی کے شہری سڑکوں پر خوار ہوتے نظر آئے۔
کراچی کے ضلع کیماڑی میں نئے سال کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 6 ملزموں کو حراست مین لیا گیا، ضلع غربی میں ہوائی فائرنگ کرنے والے 12 افراد کو حراست میں لیا گیا، ضلع وسطی میں سال کے پہلے روز نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ضلع کورنگی میں ہوائی فائرنگ میں ملوث 2 ملزموں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس نے شہر بھر سے ہوائی فائرنگ کرنے والے 30 سے زائد افراد کواسلحہ سمیت گرفتار کیا ہے، گرفتاریاں سرجانی ٹائون، منگھوپیر، گلشن معمار، پاکستان بازار، مومن آباد، ڈاکس، سعید آباد، اتحاد ٹاؤن، جیکسن، زمان ٹاؤن، اجمیر نگری، لیاقت آباد، سپرمارکیٹ، جوہر آباد اور سرسید کے علاقے سے کی گئی ہیں، گرفتار ملزمان کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
نئے سال پر ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 6 زخمی افراد کو سول اسپتال لایا گیا، جناح اسپتال میں 9 زخمیوں کو جبکہ عباسی شہید اسپتال میں 11 زخمیوں کو منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق 2 خواتین سمیت 29 افراد کو کراچی کے، تینوں اسپتال میں منتقل کیا گیا۔
مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے سال کے پہلے روز ابو الحسن اصفہانی روڈ، عباس ٹاؤن، پیراڈائز بیكری، کامران چورنگی، نمائش چورنگی، واٹر پمپ اور یونیورسٹی روڈ پر واقع میٹرو کیش اینڈ کیری پر دھرنے دیے گئے ہیں جبکہ جماعت اہل سنت کی جانب سے گلبائی میں پراچہ چوک اور شاہراہ اورنگی ٹاؤن پونے 5 سے بنارس آنے والے روڈ پر دھرنا دیا گیا ہے، انہی دھرنوں کی وجہ سے وفاقی جامعہ اردو نے ایم فِل کا امتحان ملتوی کردیا ہے جو بعد میں منعقد ہوگا۔