انٹرنیٹ کی بندش اور ڈیجیٹل ٹریڈنگ ایک ساتھ نہیں ہوسکتی، مفتاح اسماعیل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ انٹرنیٹ پر بندش سے ملک کو معاشی نقصان ہورہا ہے، انٹرنیٹ پر پابندی اور انٹرنیٹ کے ذریعے تجارت ایک ساتھ نہیں ہوسکتی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاع اسماعیل نے کہا کہ انٹرنیٹ پر بندش کی وجہ سے فری لانسر وی پی این رجسٹرڈ نہیں کرسکتے جس سے ان کی نوکری یا کنٹریکٹ ہاتھ سے نکل جاتا ہے، دو چیزیں ایک ساتھ نہیں ہوسکتی ، انٹرنیٹ پر پابندی اور انٹرنیٹ کے ذریعے تجارت ایک ساتھ نہیں ہوسکتے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے بچوں پر انٹرنیٹ کی پابندیاں لگا رہی ہے تو پھر ان کے لیے حکومت نے رکھا کیا ہے، ان کو پاکستان میں نوکریاں نہیں ملتی تو وہ انٹرنیٹ کے ذریعے فری لانسر کی جاب کرتے ہیں، جن کو ویزہ نہیں ملتا وہ گھر بیٹھے پیسہ کماتے ہیں، اگر ان کے لیے یہ بھی آپ بند کردیں اور ملک کے لوگوں کی کوئی خدمت بھی نہیں کرنی تو انٹرنیٹ کے ذریعے تجارت ہونہیں سکے گی، جتنی بھی ہم باتیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ کیا حکمرانوں نے ملک کو صرف اپنی جاگیر کے لیے رکھا ہے کہ بس حکمرانی کرنی ہے، انٹرنیٹ کی بندش سے پاکستان کو بہت نقصان ہورہا ہے، انٹرنیٹ پر بندش سے ڈیجیٹل اکانومی نہیں بڑھ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں، کہا گیا تھا کہ وزارتیں کم کی جائیں گی، نہیں کم ہوئیں، حکومت صرف حکمرانی کے لیے رہ گئی ہے سروسز نہیں دے رہی، حکومت نے مزید اخراجات بڑھا دیے عوام کے لیے کچھ نہیں کررہی۔